عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں مداحوں کو جنون بینڈ کا مشہور گانا ’سیوونی‘ پسند آگیا۔
عاطف اسلم ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں جہاں مختلف شہروں میں مداح ان کے کانسرٹس سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گلوکار کی امریکا میں ایک کانسرٹ کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اُنہیں جنون بینڈ کا 90ء کی دہائی میں ریلیز ہونے والا مشہور گانا ’سیوونی‘ گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
عاطف اسلم کی آواز نے اس مشہور گانے کو مزید خوبصورت بنا دیا جسے سن کر کانسرٹ میں موجود مداح جھوم اُٹھے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس وائرل ویڈیو کو بہت پسند کیا جارہا ہے اور گلوکار کی اس مشہورِ زمانہ گانے پر شاندار پرفارمنس کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔