کراچی میں 3 یونین کونسل کے چیئرمین/ وائس چیئرمین اور 3 جنرل کونسلرز کے ضمنی بلدیاتی انتخاب کیلئے پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی۔
ضمنی بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، جس کے مطابق صدر ٹاؤن یونین کمیٹی 13 کے پولنگ اسٹیشن 13، بوتھ 1 سے پییپلز پارٹی کے چیئرمین کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کو 97 ووٹ ملے ہیں۔
جماعت اسلامی کے نورالسلام نے 57 ووٹ حاصل کیے، مجموعی طور پر 161 ووٹ کاسٹ ہوئے، اور ایک مسترد ہوا۔
یاد رہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدر ٹاؤن میں یوسی 13 جبکہ ڈپٹی میئر سلمان عبداللّٰہ مراد گڈاپ ٹاؤن کی یوسی 7 سے چیئرمین کا ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں۔
ضلع ملیر، ضلع کیماڑی، ضلع جنوبی میں چیئرمین کی نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں جبکہ ضلع ملیر اور ضلع جنوبی میں وائس چیئرمین کی نشستوں پر بھی پولنگ ہو رہی ہے۔
کراچی کے ضلع ملیر، ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں وارڈ ممبران کی نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں، ضلع جنوبی صدر ٹاؤن یوسی 13 سے چیئرمین کی نشست کے لیے 7 امیدوار مد مقابل ہیں۔
121 پولنگ اسٹیشن میں سے 42 کو انتہائی حساس اور 79 کو حساس قرار دیا گیا۔ ضلع ملیر میں 46، ضلع شرقی میں 3، ضلع کیماڑی میں 17، ضلع وسطی میں 7 اور ضلع جنوبی میں 48 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے۔