اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایفی ڈرین کوٹہ الاٹمنٹ اور مبینہ اسمگلنگ کیس میں پیپلز پارٹی کے سابق وزیر مخدوم شہاب سمیت 3 ملزمان کی برییت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس اعجاز اسحاق خان نے تینوں ملزمان پر 1، 1 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے ملزمان کو 30 روز میں جرمانہ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے فیصلے میں کہا ہے کہ 2017ء کے ایک کیس میں قانونی نکتے کا فیصلہ کر چکے ہیں اب دوبارہ وہی عدالت کے سامنے لایا گیا۔
ملزمان نے بریت سے متعلق دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایفی ڈرین منشیات نہیں لہٰذا مقدمہ خارج کر کے بری کیا جائے۔
ملزمان میں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی بھی شامل ہیں۔
ملزمان میں سے مخدوم شہاب الدین، عنصر فاروق اور اسد حفیظ نے عدالت سے بریت کے لیے رجوع کیا تھا۔
یاد رہے کہ تینوں ملزمان کے خلاف اے این ایف نے 11 اکتوبر 2011ء کو ایفی ڈرین اسمگلنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔