بلوچستان کے نگراں وزیرِ اعلیٰ علی مردان ڈومکی کا کہنا ہے کہ نگراں صوبائی حکومت گوادر پورٹ کو بھرپور انداز سے فعال دیکھنا چاہتی ہے، جی ڈی اے سے متعلق آئندہ اجلاس گوادر میں ہو گا۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان و چیئرمین گوادر ڈیولمپنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) علی مردان ڈومکی کی زیرِ صدارت گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی مردان ڈومکی نے کہا کہ گوادر کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے جی ڈی اے کا اہم ادارہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ساحلی شہر کی ترقی میں جی ڈی اے کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں گوادر کے عوام کو سہولتیں فراہم کرنی ہیں۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ماسٹر پلان پر نظرِ ثانی کے حوالے سے جی ڈی اے کی تجویز تمام اسٹیک ہولڈرز کے سامنے رکھی جائے، کثیر الجہتی مشاورت کی روشنی میں گوادر ماسٹر پلان پر نظرِ ثانی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
علی مردان ڈومکی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے غیر ضروری اخراجات کم کر کے وسائل میں اضافے کی حکمتِ عملی مرتب کرے، وادر میں پانی، سیوریج اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل حکمتِ عملی پر کام کرے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ کوشش ہے کہ گوادر کو صوبے کا مثالی شہر بنایا جائے۔