ایرانی وزیر دفاع محمد رضا عشتیانی نے کہا ہے کہ اگر غزہ میں فوری جنگ بندی نہ کی گئی تو امریکہ کو سخت نقصان اٹھانا پڑے گا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر دفاع نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کو فوری روکے اور جنگ بندی کا نفاذ کرے۔انہوں نے کہا کہ میرا امریکیوں کو غزہ میں جنگ روکنے کا مشورہ ہے بصورت دیگر انہیں سخت نقصانا پڑے گا۔دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور اسرائیلی حملوں میں اب تک 9 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 32 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔غزہ کی پٹی میں ایک بار پھراسرائیل کی جانب سے اسپتالوں کے اطراف بمباری کی گئی ہے جبکہ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی مواصلاتی لائنوں کو پھر منقطع کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ایران کو اسرائیل اور امریکہ کا سب سے بڑا مخالف سمجھا جاتا ہے اور اسی وجہ سے اسے پابندیوں کا بھی سامنا ہے۔ اس وقت بھی فلسطین کو ایران کی حمایت حاصل ہے اور اسرائیل یہ سجھتا ہے کہ حماس کو اسلحہ بھی ایران ہی سپلائی کر رہا ہے جبکہ ایران امریکہ کو اسرائیل حماس جنگ میں شریک قرار دیتا ہے۔