خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں لیفٹننٹ کرنل سمیت پاک فوج کے 4 اہلکار شہید ہو گئے۔پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر کو سکیورٹی فورسز نے تیراہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر اینٹلیجنس معلومات پر مبنی آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں فوج کے دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں تلاش کیا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک جب کہ تین زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ’تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوش دل خان، نائیک رفیق خان، لانس نائیک عبدالقادر شہید ہو گئے۔‘آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 جوانوں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ لیفٹننٹ کرنل محمد حسن حیدر، ضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، ضلع چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان، ضلع مری سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔بیان میں بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کی موجودگی کی صورت میں ان کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔پاک فوج نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیوں سے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔خیال رہے کہ 3 نومبر کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 الگ الگ واقعات میں پاک فوج کے 3 اہلکار شہید جبکہ دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔