فلپائن میں ریڈیو کی لائیو نشریات کے دوران صحافی جومالون کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریڈیو اینکر کو اتوار کو اس کے ریڈیو اسٹیشن کے اندر گھس کر ایک شخص نے 2 گولیاں ماریں اور اس قتل کی واردات کو فیس بُک پر براہِ راست پروگرام دیکھنے والوں نے بھی دیکھا۔
فائرنگ کرنے والا شخص گھر میں بنے ریڈیو اسٹیشن میں نشریات سننے والا بن کر داخل ہوا اور فائرنگ کے بعد وہ مقتول کی سونے کی چین لے کر فرار ہو گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق حملہ آور کا ایک ساتھی گھر کے باہر موٹر سائیکل پر موجود تھا اور فائرنگ کے بعد دونوں فرار ہو گئے، اس واردات کی تفتیش جاری ہے۔
فلپائن کے صدر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کو حملہ آوروں کو پکڑنے کی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ ہماری جمہوریت میں صحافیوں پر حملوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور جو لوگ آزادیٔ صحافت کے لیے خطرہ ہیں انہیں نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلپائن کو دنیا میں صحافیوں کے لیے خطرناک ترین ملکوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
فلپائن کی نیشنل یونین آف جرنلسٹس کے مطابق جومالون 1986ء سے قتل کیے گئے 199 ویں صحافی ہیں۔