بھارت کی ریاست راجستھان کے بزرگ شہری ایک مرتبہ پھر الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 78 سالہ تیتر سنگھ 50 سال میں 20 مرتبہ الیکشن میں ہار چکے ہیں تاہم اس مرتبہ وہ پھر سے الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تیتر سنگھ 25 نومبر کو ہونے والے اسمبلی کے انتخابات میں ایک بار پھر اپنی قسمت آزمائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق تیتر سنگھ 1970ء سے راجستھان میں ہونے والے ہر الیکشن میں حصہ لیتے رہے ہیں۔
بھارتی بزرگ سے سوال کیا گیا کہ اب تک تقریباً 20 انتخابات ہارنے کے باوجود وہ دوبارہ کیوں الیکشن لڑ رہے ہیں؟
اس سوال پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور بزرگ نے جواب دیا کہ میں کیوں نہ لڑوں، حکومت کو سہولتیں دینی چاہئیں، یہ الیکشن حقوق کی لڑائی ہے، میں مقبولیت یا ریکارڈ کے لیے الیکشن نہیں لڑتا۔
بھارتی بزرگ نے کہا کہ الیکشن اپنے حقوق کے حصول کے لیے ایک ہتھیار ہے، میں جذبے اور جوش کے ساتھ ایک بار پھر تیار ہوں اور اس ماہ کے آخر میں اسمبلی کے انتخابات کے لیے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔
انہوں نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ پنچائیت سے لے کر لوک سبھا کے انتخابات تک ہر الیکشن لڑا لیکن ہر بار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بزرگ تیتر سنگھ کا تعلق دلت برادری سے ہے اور انہوں نے پہلی مرتبہ 1970ء میں الیکشن لڑا تھا۔