پپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکٹری حسن مرتضیٰ نے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سلیکشن فیلڈ کلئیر ہونے کی آس میں مینار پاکستان پر اترے ، لاڈ پلس والوں کو الیکشن نہیں سلیکشن چاہیے۔ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا تھا کہ ن لیگ کی انتخابی مہم کا آغاز 21 اکتوبر کو ہو چکا تھا ، لیول پلئینگ فیلڈ کا ابھی سے رونا ظاہر کرتا ہے کہ عوام نے 21 اکتوبر کو نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ مریم اورنگ زیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حسن مرتضیٰ نے کہا کہ لیول پلئینگ فیلڈ اور الیکشن ڈیٹ مانگی جائے تو جواب ن لیگ کال سنٹر سے آتا ہے۔ قبل ازیں حسن مرتضیٰ نے کہا ہے تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن لڑ پائیں گے یہ نظر نہیں آتا، الیکشن کی تاریخ دینا کوئی احسان نہیں یہ تو آئینی ذمہ داری ہے۔ ایک انٹرویو میں حسن مرتضیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن 90 دن میں انتخابات نہ کروانے پر جواب دہ ہے، آئین کی تشریح عدالتوں نے ہی کرنی ہے، عدالت کا حکم سب پر لاگو ہوتا ہے، پیپلزپارٹی عدالتوں پر حملے نہیں کرتی، چور دروازے سے آنے کے راستے بند ہونے چاہئیں۔انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے، پیپلزپارٹی ن لیگ کے ساتھ بیٹھ سکتی ہے تو پی ٹی آئی نے ہمارا کون سا نقصان کیا ہے، لیکن پیپلزپارٹی کسی قسم کی انتہا پسندی برداشت نہیں کرتی، اس لئے انتہا پسندی کے مرتکب پی ٹی آئی کے ارکان سے بات نہیں ہوسکتی۔ سانحہ نو مئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ویڈیوز موجود ہیں چیئرمین پی ٹی آئی نے لوگوں کو اکسایا، سہولت کار، ماسٹرمائنڈ بھی انتہا پسند ہوتے ہیں۔ رہنما پیپلزپارٹی نے کہاکہ مجھے نظر نہیں آتا کہ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن لڑ پائیں گے، کیسز میں ایسی گنجائش نہیں کہ وہ بچ جائیں۔حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ہم نے ملک کو چیلنجز سے نکالنا ہے، کوئی بھی سنگل پارٹی ملکی معیشت بہتر نہیں کرسکتی، سب کو مل کر ملک کیلئے کام کرنا چاہئے۔