آرٹس کونسل آف پاکستان اور ادارہ تعلیم و آگہی کی جانب سے دو روزہ پاکستان لرننگ فیسٹیول 2023ء کا انعقاد کیا گیا ہے۔
پاکستان لرننگ فیسٹیول کا تھیم ’سیکھو سکھاؤ پاکستان‘ ہے جو آج اور کل جاری رہے گا۔
نگراں وزیرِ تعلیم رعنا حسین نے اس فیسٹیول میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
رعنا حسین نے کراچی آرٹس کونسل میں لرننگ فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ تعلیم و آگاہی کے ذریعے بچوں میں تعلیم و شعور فروغ پا رہا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ سندھ ایجوکیشن کے ذریعے ان بچوں کو پڑھایا جا رہا ہے جو کسی وجوہات کے باعث نہیں پڑھ سکے۔
نگراں وزیرِ تعلیم نے شرکاء کو شبنم گل کی تحریر کردہ کہانی ’رامو کہاں گیا‘ بھی سنائی۔
اس فیسٹیول میں ورکشاپ، پینل مباحثے، تخلیقی نمائش اور اسٹوری ٹیلنگ سیشنز کا انعقاد کروایا جا رہا ہے جس کا مقصد بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
اسٹوری ٹیلنگ سیشن میں فلسطینی مصنف کی تحریر کردہ تصنیف غزہ کی کہانی بھی شامل ہے۔
فیسٹیول کے دوران بچوں کی 15نئی کتابیں لٹریسی پروجیکٹ (پی ایل پی) کے ذریعے متعارف کروائی جائیں گی۔