بالی ووڈ انڈسٹری کی معروف اداکار جوڑی، عالیہ بھٹ اور چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی بیٹی راہا ایک سال کی ہو گئی۔
بھارتی فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ کی ہیروئن عالیہ بھٹ نے اپنی بیٹی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کی ہے۔
عالیہ بھٹ کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئیں تینوں تصویروں میں اُن کی بیٹی راہا کا چہرہ تو کہیں نظر نہیں آ رہا، ہاں البتہ ایک سال میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ عالیہ بھٹ نے اپنی بیٹی کی ذرا سی بھی جھلک خود اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہو۔
عالیہ بھٹ نے ان تصویروں کے ساتھ ایک جذباتی نوٹ بھی لکھا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں بیٹی راہا کو اپنے لیے خوشی، زندگی اور روشنی قرار دیا ہے۔
عالیہ بھٹ نے بیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم آپ کو اپنی زندگیوں میں پا کر خوش ہیں، آپ ہر روز ایک مکمل کریمی اور لذیذ کیک کے ٹکڑے کی طرح محسوس ہوتی ہو، سالگرہ مبارک ہو شیرنی، ہم آپ سے خود سے زیادہ پیار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ عالیہ بھٹ کی اداکار رنبیر کپور کے ساتھ 2022ء کے اپریل میں شادی ہوئی تھی، گزشتہ سال 6 نومبر کو اس جوڑی کے ہاں پہلی اولاد بیٹی ہوئی تھی۔