بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان لوگوں سے بچ کر نکلنے یا الگ تھلگ رہنے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ سماجی طور پر متحرک رہنے کے اس عہد میں بھی وہ سوشل میڈیا پر نہیں ہیں اور نہ وہ بہت زیادہ پارٹیوں یا تقریبات میں شریک ہوتے ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ان کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں انکا ایک پرستار سے آمنا سامنا ہوا جس کی خواہش تھی کہ وہ سیف علی خان کے ساتھ ایک سیلفی بنوائے اور اس کوشش میں وہ انکے بہت قریب آگیا۔
تاہم اس دوران سیف علی خان اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور تقریباً گرنے والے تھے۔ سیف علی خان نے مذکورہ فین کو دیکھا بھی نہ تھا وہ اس سے ٹکرائے اور گرتے گرتے بچے۔
اس دوران انکے سیکیورٹی اسٹاف نے مذکورہ شخص کو ان سے دور کیا اور انہیں نکال کر لے گئے۔ سوشل میڈیا پر موجود یہ ویڈیو ایک پاپا رازی نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔