اسلام آباد( خبرنگار)ہلالِ احمر پاکستان نے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک آرمی کے ساتھ مل کر گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔ متاثرہ گھرانوں کو غیر خوراکی اشیا کے علاوہ کھانے پینے کی اشیا، طبی سہولیات، پینے کا صاف پانی کے علاوہ متعدد گھرانوں کو نقد مالی مدد بھی فراہم کی گئی۔ اِن خیالات کا اظہار چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری نے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور سے ملاقات کے دوران کیا۔ سردار شاہد احمد لغاری نے ہلال احمر کی جاری سرگرمیوں سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ گھرانوں کی خدمت بطریق ِ احسن انجام دی ہے۔ مجموعی طور پر28 لاکھ سیلاب متاثرین کی ہلال احمر مدد کر چکا ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ہلال احمر پاکستان نے بلوچستان کو ہمیشہ اولیت دی ہے، سیلاب متاثرین کی خدمت کو اپنا فرض سمجھ کر نبھایا ہے اور آنے والے دِنوں میں بھی بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں ہلالِ احمر کی جانب سے انسانیت کی خدمت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف متاثرہ علاقوں کے 9798گھرانوں کو گھریلو ضرورت کا سامان دیا گیا۔ 3400 سیلاب متاثرہ گھرانوں کو راشن کی فراہمی ممکن بنا جبکہ 2000 گھرانوں کیلئے راشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ پارٹنرز کے توسط سے 6 ہزار افغان مہاجر گھرانوں کو نقد رقم فراہم کی گئی اور اِس کے علاوہ 1400 گھرانوں کو فی گھرانہ 26 ہزار روپے بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے متاثرہ اضلاع میں 8 جدید ترین فلٹریشن پلانٹس نصب کیے گئے۔ ہر ایک پلانٹ روزانہ 60000 لیٹر صاف پانی مہیا کرتا ہے اور مزید 3 فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔سیلاب متاثرہ علاقوں میں 10 موبائل ہیلتھ یونٹس سے 40000 سے زائد گھرانے مستفید ہوئے۔ سردار شاہد احمد لغاری نے افغان گھرانوں کی واپسی سے متعلق بتایا کہ ان افراد کو ابتدائی طبی امداد، علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے چمن بارڈر پر باقاعدہ پوسٹس بنائی گئی ہیں جہاں سے افغانستان واپس جانے اور آنے والے افغان مستفید ہورہے ہیں۔کور کمانڈر جنرل آصف غفور نے ہلالِ احمرپاکستان کی خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات و سانحات میں ہلالِ احمر کا گرانقدر کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ وطنِ عزیز کی صف ِ اول کی نیشنل سوسائٹی نے آپ کی قیادت میں بلا امتیاز، بلارنگ و نسل انسانیت کی خدمت کے سفر کو جاری رکھ کر متعدد نئے سنگِ میل عبور کیے ہیں۔ہلالِ احمر کے جاری پروگراموں کو وسعت دینے،آگاہی مہم میں تیزی لانے، ریسکیو، ریلیف کے کاموں میں پیش پیش رہنا قابل ِ تعریف امر ہے۔ بلوچستان میں ہلالِ احمر کے کام میں نیک نامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ سردارشاہد احمد لغاری نے آنے والے دِنوں میں بلوچستان میں قدرتی آفات کے دوران خطرات میں کمی لانے سے متعلق آگاہی مہم چلانے، مقامی سطح پر صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی، واٹر ہینڈ پمپس کی تنصیب، شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹس، ماڈل شیلٹر ہاس کی تعمیر اور لائیولی ہڈ کی مد میں لوڈر رکشوں اور مال مویشی کی فراہمی کا بھی ذکر کیا۔سردار شاہد احمد لغاری نے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو ہلالِ احمرکی یادگاری شیلڈ پیش کی۔