استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر علیم خان نے کہا ہے کہ ہمیں اندر کی سب باتیں پتا ہیں، ہمیں کوئی نہ سمجھائے۔
راولپنڈی میں آئی پی پی کی تقریب سے خطاب میں علیم خان نے کہا کہ تم نے چودہ، پندرہ سالوں میں اس ملک سے امید چھین لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا منشور ایمانداری اور میرٹ تھا، حکومت میں آکر میرٹ کا رزلٹ عثمان بزدار، محمود خان اور فرح گوگی کی صورت میں نکلا۔
آئی پی پی صدر نے مزید کہا کہ عثمان بزدار کو نہ اردو، نہ انگریزی اور نہ ہی پنجابی آتی تھی، خیبر پختونخوا میں لگائے گئے محمود خان بھی دوسرے بزدار نکلے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پوچھتا ہوں کیا فرح گوگی کے ذریعے فائلیں ادھر کرنا اور کمشنر، ڈپٹی کمشنر لگانا تبدیلی تھی؟ 14، 15 سالوں میں تم نے اس ملک سے امید چھین لی ہے۔
علیم خان نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اندر کی سب باتیں پتا ہیں ہمیں کوئی نہ سمجھائے، آپ کو پتا ہے عمران خان کے گھر میں کس کی تجوری میں پیسے تحفے اور ہار آتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو نوجوانوں کا کل بہتر کرسکے، جہانگیر ترین نوجوانوں اور کسانوں کی امید ہے۔
آئی پی پی صدر نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اپنی وکٹری کا نشان اسی سیکریٹریٹ سے کرے گی، ہم اللّٰہ کے کرم سے اپنے وعدے پورے کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عامر کیانی نے 26، 27 سال ایک جماعت میں گزارے، وہ ہمیشہ کھڑا رہا، اُس کی دن رات کی محنت کا صلہ اُسے اقتدار میں آکر ذلیل کرکے دیا گیا۔
علیم خان نے کہا کہ عامر کیانی چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنی گاڑی میں ڈرائیو کرکے لاتا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے اُس پر بھی پرچے کرائے اور مجھے بھی 100 دن جیل میں رکھا۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین دن رات اس شخص کےلیے محنت کرتا رہا، یہ کینسر کا علاج کراکے برطانیہ سے سیدھا دھرنے میں پہنچے، اُن کے صاحبزادوں پر بھی پرچے کرائے گئے۔
آئی پی پی صدر نے کہا کہ آج کی تاریخ میں بھی شوکت خانم کا سب سے بڑا ڈونر میں ہوں۔