پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہر دلعزیز اداکارہ عائزہ خان نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی پر خاموشی اختیار کی تو صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
صارفین کی تنقید کے جواب میں اداکارہ نے اپنی خاموشی توڑ دی۔
یوں تو عائزہ خان جو کردار نبھائیں مداحوں کو خوب بھاتا ہے تاہم آج کل ان کے مداح اسرائیلی بربریت پر خاموشی اختیار کرنے کے باعث اداکارہ سے کچھ خفا خفا نظر آ رہے ہیں اور اس کا برملا اظہار سوشل میڈیا پر ان کی مختلف پوسٹس کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی خفگی کا احساس ہوتے ہی اداکارہ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی پر خاموشی اختیار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے اس معاملے پر خاموشی توڑ دی۔
عائزہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی اور فلسطین کے حق میں پوسٹ نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا کہ کیونکہ میں جانتی ہوں کہ روزانہ پوسٹنگ کے بجائے ان کے لیے دعا مانگنا زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے صارفین کو بھی دعا کرنے پر زور دیتے ہوئے لکھا کہ براہِ مہربانی دنیا کے لیے زیادہ سے زیادہ دعا کریں اور اس پلیٹ فارم پر ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے اور الزام تراشی سے گریز کریں۔
اداکارہ نے لکھا کہ ہم سب کے بچے اور پیارے موجود ہیں اور ہم سب درد بھی محسوس کر سکتے ہیں، ہم تصور بھی نہیں کر سکتے کہ وہ کس تکلیف سے گزر رہے ہیں لیکن میں اپنا کامل ایمان اللّٰہ پر رکھتی ہوں اور بہت جلد وہ انصاف کرئے گا، آمین۔
عائزہ خان کی جانب سے پوسٹ کیے جانے کے باوجود بھی صارفین کی جانب سے تنقید کا سلسلہ تھم نہ سکا، اسرائیل کے خلاف کھل کر بیان نہ دینے اور فلسطینیوں کا نام لیے بغیر پوسٹ کرنے پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عائزہ خان کو برانڈز اور اپنے ڈراموں کی تشہیر نہیں کرنی چاہیے اور صرف فلسطینیوں کی کامیابی کے لیے دعا کرنی چاہیے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ خاموش رہنا بہت آسان ہے، پوری امتِ مسلمہ اس وقت یہی کر رہی ہے۔
بعد ازاں صارفین کی تنقید کے باعث اداکارہ کو اپنی انسٹا پوسٹ ڈیلیٹ کرنی پڑ گئی۔