پنجاب میں اسموگ کی روک تھام کے لیے آج سے پابندیوں کا نفاذ کردیا گیا۔
اسموگ کی وجہ سے پنجاب حکومت نے مخصوص اضلاع میں جمعے کے دن چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب کے 6 اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور ،ننکانہ صاحب اور حافظ آباد میں اسموگ کی صورتحال کی وجہ سے ماحولیاتی اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
رواں ہفتے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا تھا کہ جمعہ 10 نومبر کو لاہور ڈویژن، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور ننکانہ میں چھٹی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار مذکورہ اضلاع میں تمام اسکول، دفاتر اور پارکس بند رہیں گے اور دفعہ 144 نافذ ہوگی۔
انکا کہنا تھا کہ مارکیٹیں ہفتے کو بند ہوں گی۔ 10 نومبر کو پنجاب میں دفاتر اور اسکولوں کی چھٹی ہوگی۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو شادی گھر کھلے رہیں گے جبکہ پارک بند رہیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ بیکریاں، فارمیسیز، ٹیک اوے ریسٹورنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ مقصد یہ ہے کہ اسموگ کو نیچے لے آئیں، ختم کرنا ممکن نہیں، بارش زیادہ ہوتی ہے تو اس سے بھی اسموگ پر فرق پڑے گا۔
واضح رہے کہ ہر سال موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی ملک کے بالائی اور وسطی حصے شدید دھند کی لپیٹ میں آ جاتے ہیں۔
دھند، دھویں اور گرد و غبار کا امتزاج اسموگ کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔ درختوں کی کٹائی، فصلوں کی باقیات کو جلانا، کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں سے اٹھنے والا تعفن، بڑھتی ہوئی ٹریفک، گاڑیوں، فیکٹریوں اور کارخانوں کی زہریلی گیسوں کا اخراج یہ سب عوامل اسموگ میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔