پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف و لیجنڈری گلوکارہ طاہرہ سید نے اپنی طلاق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اس فیصلے کو ایک اچھا فیصلہ قرار دے دیا۔
لیجنڈ گلوکارہ نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے ایک چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے معروف وکیل نعیم بخاری سے علیحدگی کے فیصلے کو زندگی کا بہت اچھا فیصلہ قرار دیا۔
دوران انٹرویو طاہرہ سید نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کی شادی کامیاب نہیں ہو سکے گی لیکن زندگی میں ایک وقت ایسا آیا جب انہیں علیحدگی کا فیصلہ کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ احساس ہوا کہ یہ ہم دونوں کے لیے بہت اچھا فیصلہ تھا۔ چاہے ایک دوسرے سے شادی کرنے کا فیصلہ ہو یا طلاق کا دونوں ہی بہت اچھے فیصلے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نعیم بخاری نے طلاق کے بعد دوسری شادی کی اور اپنی زندگی میں بہت خوش ہیں اور میں نے اپنا بیشتر وقت بچوں کے ساتھ گزارنے کو ترجیح دی۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلاق کے اس فیصلے میں ہم دونوں میں سے کسی کا بھی قصور نہیں تھا بلکہ یہ وقت کا تقاضہ تھا۔
واضح رہے کہ گلوکارہ طاہرہ سید اور معروف وکیل و میزبان نعیم بخاری 1975ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، تاہم یہ شادی 15 برس بعد طلاق پر ختم ہوئی تھی، ان کے اس شادی سے 2 بچے کرن بخاری اور حسنین بخاری ہیں۔