پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و خوبرو اداکارہ عائزہ خان نے اپنے نئے پروجیکٹ ’جانِ جہان‘ کو آخری پروجیکٹ قرار دے کر صارفین کو کشمکش میں مبتلا کر دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر مبہم اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے اپنے آنے والے پروجیکٹ ’جانِ جہان‘ کو اپنا آخری پروجیکٹ قرار دے کر شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہنے کا عندیہ دیا تو مداح اور صارفین کشمکش میں مبتلا ہو گئے۔
اس سے قبل عائزہ خان نے انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ’جانِ جہاں‘ کی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اداکارہ نے لکھا کہ اس یادگار سفر کے لیے پوری ٹیم کا شکریہ، پروڈیوسر ثمینہ ہمایوں سعید سے ثناء شاہنواز تک (اس پروجیکٹ کے دل و جان) ہدایت کار قاسم علی مرید (کتنی خوبصورتی سے انہوں نے جان جہاں کو تخلیق کیا)، تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز (ربو، وجیہہ، تماس جو ہر مشکل اور اچھے وقت میں ساتھ رہے)، ڈرامے کی مکمل کاسٹ جس نے اس سفر کو ہمارے لیے خوبصورت اور یادگار بنا دیا، مجھے یقین ہے کہ آپ سب بھی ’جانِ جہاں‘ کی اس خوبصورت کہانی کو اسکرین پر دیکھنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ میں اور حمزہ بھی برسوں بعد ایک ساتھ کام کر کے بہت خوش اور شکر گزار ہیں، امید ہے کہ یہ اسکرین پر بھی بہت اچھا لگے گا، ان شاء اللّٰہ۔
تاہم اب حالیہ انسٹا اسٹوری دیکھ کر اداکارہ کے مداح پریشان ہیں کہ کیا اداکارہ واقعی شوبز انڈسٹری چھوڑ رہی ہیں یا پھر یہ کوئی پبلیسٹی اسٹنٹ ہے۔
عائزہ کے تمام مداحوں کو پریشان ہونے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے کیونکہ عائزہ خان کا مذکورہ پروجیکٹ رواں برس 2023ء کا آخری پروجیکٹ ہے جس کا اظہار اداکارہ نے اپنی انسٹا پوسٹ میں بھی نیچے کی جانب کیا ہے۔
خیال رہے کہ ڈرامہ سیریل ’پیارے افضل‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکار حمزہ علی عباسی اور اداکارہ عائزہ خان کی جوڑی 10 برس بعد ایک بار پھر ’جانِ جہاں‘ میں ایک ساتھ نظر آئے گی۔
یہ ڈرامہ کب آن ایئر ہو گا اس حوالے سے ابھی کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے تاہم شائقین کو بھی پروڈیوسر ثمینہ ہمایوں سعید اور ثناء شاہ نواز کی اس پیشکش کا بے صبری سے انتظار ہے جسے ردا بلال نے تحریر کیا ہے جبکہ قاسم علی مرید اس کے ہدایت کار ہیں۔