لاہو ( سب تکرپورٹ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ 9 مئی کے ٹولے کو نکال کر پی ٹی آئی سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔ پارٹی کے صدر شہبازشریف ہی ہیں، نواز شریف پارٹی کے قائد ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں نئے لوگ شامل ہو رہے ہیں۔ تمام حلقوں سے تگڑے امیدوار کھڑے ہوں گے۔ ہمیں امیدواروں کی کمی نہیں ہے، چناو¿ میں دشواری ہو رہی ہے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نواز شریف جلد چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کریں گے۔ آصف علی زرداری کو اپنی پارٹی کا سربراہ ہوتے ہوئے حق حاصل ہے کہ وہ لاہور کے وزیراعظم کا راستہ روکیں اور لاڑکانہ کے وزیراعظم کیلئے راہ ہموار کریں۔ عوام الیکشن میں سندھ، لاہور یا کے پی کے حق میں ووٹ دیں، ہمیں قبول ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر نے کہا کہ نوازشریف عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔ شاہد خاقان عباسی بھائی اور بے باک انسان ہیں، وہ (ن) لیگ سے ناراض نہیں ہیں، شاہد خاقان عباسی پارٹی سے تعاون کریں گے۔ میڈٰیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فرح بی بی کرپشن دو جمع دو والا معاملہ ہے۔ پہلے بھی ثبوت عوام کے سامنے رکھے۔ 60 ارب روپے کی رقم پاکستان بھجوائی اور پراپرٹی کی 7 ارب روپے 400 کنال کی تھی، اس ثبوت کی کبھی تردید نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اونٹھنی کا دودھ دیں، شہد، ہرن یا دیسی مرغی دیں تو اس پر اعتراض نہیں۔ ہمارا یہ ظرف نہیں ان کی جیل میں ادویات و کھانا بند کر دیں۔ ہمارا پی ٹی آئی چیئرمین سے سوال ہے کہ وہ کہتے رہے جیل میں کوئی کلاس نہیں ہونی چاہیے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فرح گوگی کو بیرون ملک سے واپس لانے پر تحقیقاتی ادارے کام کر رہے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ سچی بات یہ ہے کہ اور یہ بات کنفرم بھی نہیں کر رہا مجھے شک ہے کہ عمران خان کو جیل میں دوائی مل رہی ہے۔مظفر گڑھ کے حلقہ پی پی 268 سے اجمل چانڈیا، اکرم چانڈیا نے رانا ثناءاللہ اور اویس لغاری سے ملاقات میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔