افغانستان میں گزشتہ 3 روز سے 200 سے زائد پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، جن کی وطن واپسی کے لیے ضلع خیبر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ضلع خیبر میں مختلف سیاسی پارٹی کے کارکنوں نے باچا خان چوک سے لنڈی کوتل پریس کلب تک مارچ کیا۔
مظاہرین نے حکومت سے ان کی فوری وطن واپسی کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ متعدد پاکستانیوں کو افغان فورسز نے طورخم سرحد پر روک رکھا ہے، روکے گئے پاکستانی پاسپورٹ اور ویزا کے حامل ہیں۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اقدامات کرے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی واپسی کے لیے افغان حکام سے بات چیت جاری ہے۔