صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی بربریت اور دہشت گردی پر غم ناک ہے۔
صدر عارف علوی نے ان خیالات کا اظہار فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران کیا اور غزہ پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے، پاکستانی قوم اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی بربریت اور دہشت گردی پر غم ناک ہے۔
صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ صدر نے اسرائیل کی جانب سے مہلک بمباری، اسکولوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اہل فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، عالمی برادری فوری جنگ بندی اور غزہ تک راہداری کھولنے کے لیے اقدامات لے۔
صدر مملکت نے مسلمانوں کی نسل کشی اور انہیں اپنے علاقوں سے بے دخل کرنے کی اسرائیلی کوشش کی مذمت کی اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
اس موقع پر فلسطینی صدر نے کہا کہ انسانی امداد کی فراہمی کےلیے غزہ راہداری کھولنے کا مطالبہ کرتے ہیں، اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔
فلسطینی صدر نے مزید کہا کہ غزہ کے لوگوں کے لیے خوراک، ادویات اور بجلی دستیاب نہیں، اہل فلسطینی کی حمایت اور انسانی امداد بھیجنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔