اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر خاتون شہری کے بچوں کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کے کیس میں 11 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں معراج بی بی کی اپنے بچوں کو سی آئی اے کی غیر قانونی حراست میں رکھنے کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس بابر ستار نے سماعت کی۔
سماعت کے دوران ایف آئی اے نے عدالت میں رپورٹ جمع کروا دی۔
ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق عدالت کے حکم پر اس کیس میں 11 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج جبکہ 5 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا، باقی ضمانت پر ہیں جبکہ کیس کی تفتیش مکمل ہے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کی رپورٹ جمع کروانے پر کیس نمٹا دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ تفتیش مکمل ہو چکی اور ملزمان گرفتار ہیں، درخواست نمٹا رہے ہیں، ایف آئی اے قانون کے مطابق ٹرائل کورٹ میں کیس آگے چلائے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کیس کا چالان جمع ہو گیا ہے؟
ایف آئی اے افسر نے عدالت کو بتایا کہ چالان جمع نہیں ہوا، اگلے ہفتے جمع ہو جائے گا۔
عدالت نے اسٹیٹ کونسل سے سوال کیا کہ اس کیس میں آئی جی صاحب نے کیا کیا ہے؟
اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ آئی جی کی جانب سے نامزد اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جاری ہے اور شوکاز نوٹس بھی دیا گیا۔