اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کی درخواست پر پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے ملتوی کر دی۔
عدالت نے سابق ایم ڈی پی ٹی ڈی سی میر شاہ جہان کھیتران کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت کی۔
نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ میر شاہ جہاں کھیتران کے دور میں پی ٹی ڈی سی میں غیر قانونی بھرتیاں ہوئیں، احتساب عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں بری کر دیا تھا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ اگر پیسے لے کر غیر قانونی بھرتیاں کرنے کا الزام ہے تو پیسے کہاں گئے؟
عدالت نے کہا کہ احتساب عدالت کا بریت کا فیصلہ اگر غلط ہے تو آپ نے وہ شواہد کے ساتھ بتانا ہے۔
عدالت نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ غیر قانونی بھرتیاں ہوئیں، غیر قانونی بھرتیاں آپ نے ثابت کرنی ہیں، آئندہ سماعت پر عدالت کو مطمئن کریں کہ احتساب عدالت کافیصلہ کیوں کالعدم کریں۔
عدالت نے ہدایت کی کہ نیب پراسیکیوٹر کیس کی تیاری کر کے اپیل میں معاونت کریں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب پراسیکیوٹر سے آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔