غزہ کے الشفاء اسپتال میں 3 روز کے دوران 32 مریض دم توڑ گئے جبکہ ایندھن نہ ہونے کے باعث اسپتال میں ہفتے سے کام رکا ہوا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیہ نے غزہ میں پیرا شوٹ امداد بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطینی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی خصوصاً شمالی غزہ میں شدید لڑائی جاری ہے، اقوام متحدہ اور یورپی یونین غزہ میں پیرا شوٹ امداد بھیجیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے خان یونس کے گھروں پر پھر بم گرادیے، اسرائیلی بمباری سے 15 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی طیاروں نےگذشتہ روز بھی خان یونس میں گھروں پر بمباری کی تھی۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں القدس اسپتال کے اطراف شیلنگ، دھماکے اور فائرنگ کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ القدس اسپتال کے نزدیک 21 مسلح افراد مارے گئے، مسلح افراد نے اسپتال کے داخلی راستے سے اسرائیلی فوج پر فائرنگ کی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کے بعد مسلح افراد اسپتال میں جا کر چھپ گئے، مسلح افراد کی فائرنگ سے ہمارا جانی نقصان نہیں ہوا۔