وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور کا کہنا ہے کہ سائفر کیس کے ٹرائل میں 5 سے 6 ہفتے لگ سکتے ہیں۔
اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور اپنی ٹیم کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت نے ملزمان کے فیملی ممبرز کو سماعت میں آنے کی اجازت دی ہے۔
پراسیکیوٹر شاہ خاور کا کہنا ہے کہ فریقین کا اتفاق ہو چکا ہے، ہر سماعت پر 3 گواہان پیش ہوں گے، گزشتہ سماعت پر وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث گواہان پیش نہیں ہوئے تھے، آج 3 گواہان پیش کریں گے۔
دوسری جانب آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔
اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک، علی بخاری، ان کی 2 بیٹیاں مہر بانو قریشی اور گوہر بانو قریشی بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہیں۔
سائفر کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ جیل کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
سائفر کیس میں سرکاری گواہان کے بیانات آج ریکارڈ ہوں گے اور وکیل صفائی جرح کریں گے۔