نگراں وزیرِ ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم حسن مراد نے اسموگ کی وجہ سے اداروں میں بدھ کو ورک فرام ہوم اور اسکولوں کو آن لائن کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ایک بیان میں نگراں وزیرِ ٹرانسپورٹ نے بتایا ہے کہ ہر ہفتے کابینہ کی اسموگ کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے جس میں مختلف محکموں سے رپورٹس لی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں کیے گئے اقدامات کی وجہ سے اسموگ کی صورتِ حال میں بہتری آئی تھی۔
ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ آئندہ اجلاس میں اسموگ کی وجہ سے اداروں میں بدھ کو ورک فرام ہوم اور اسکولوں کو آن لائن کرنے پر بھی غور ہو گا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے کہ اس ہفتے 1 سے 2 دن ورک فرام ہوم اور آن لائن اسکول پر غور ہو سکتا ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کو محدود کرنے پر بھی غور ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت سے آنے والی آلودگی بھی لاہور اور دیگر شہروں کو متاثر کر رہی ہے۔