مشہور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے گریمی ایوارڈز میں سونگ آف دی ایئر کی نامزدگی حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ٹیلر سوئفٹ اپنے گانے ’اینٹی ہیرو‘ کی گریمی ایوارڈ کے لیے سونگ آف دی ایئر کے زمرے میں نامزدگی حاصل کرنے کے بعد اس زمرے میں 7 نامزدگیاں حاصل کرنے والی پہلی گلوکارہ بن گئی ہیں، اُنہوں نے اس زمرے میں 6، 6 نامزدگیاں حاصل کرنے والے سر پال میک کارٹنی اور لیونل رچی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اولیویا روڈریگو، مائلی سائرس اور ایس زیڈ اے کے ساتھ البم اور ریکارڈ آف دی ایئر کے زمروں میں بھی نامزد ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ کے البم ’مڈ نائٹس‘ کی گریمی ایوارڈ کے البم آف دی ایئر کے زمرے میں ان کی چھٹی نامزدگی ہے جس کے بعد گلوکارہ اس حوالے سے خواتین گلوکاروں میں سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی باربرا اسٹریسینڈ کے برابر آ گئیں۔
اگر اس بار ٹیلر سوئفٹ ایوارڈ حاصل کرنے میں بھی کامیابی ہو جاتی ہیں تو وہ البم آف دی ایئر کے 4 بار ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی گلوکارہ بن جائیں گی۔