امریکی ریاست ٹیکساس کے شہریوں نے گورنر گریگ ایبٹ کی جانب سے اسرائیل کو 100 ملین ڈالر امداد دینے کے خلاف ریاست کی کیپٹل بلڈنگ کے باہر تاریخی مظاہرہ کیا۔
اس مظاہرے سے ٹیکساس کے باسیوں نے ریاست میں ایک تاریخ رقم کرتے ہوئے گورنر ٹیکساس سمیت منتخب نمائندوں کو یہ پیغام دیا کہ امت مسلمہ ایک جسم کی مانند ہے۔ اس کا عملی مظاہرہ ریاست ٹیکساس کے شہر اور دارالخلافہ آسٹن کے کیپیٹل ہل میں دیکھا گیا۔
اس مظاہرے میں آسٹن کے قرب و جوار کے شہروں سین انٹونیو، ڈیلس، ویکو اور ہیوسٹن سے لیکر دور دراز تک کے شہروں اور پڑوس کی ریاستوں سے بھی مظاہرین نے شرکت کی اور گورنر گریگ ایبٹ کی طرف سے اسرائیل کو دی گئی امداد پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ میں بھرپور حصہ لیا۔
ریاست ٹیکساس کی تاریخ میں ہونے والا یہ سب سے بڑا مظاہرہ تھا جو اتنا وسیع اور بھرپور تھا کہ اسرائیلی پالیسی کے حامی مقامی میڈیا بھی مظاہرے کی کوریج کرنے پر مجبور ہوگیا۔
واضح رہے کہ اس بار ریاست کی تاریخ میں پہلی بار دو مسلمان ارکین ریاستی اسمبلی کے رکن ڈاکٹر سلیمان لالانی اور سلمان بھوجانی منتخب ہوئے ہیں۔ جس میں ایک کا تعلق ہیوسٹن اور دوسرے کا تعلق ڈیلس سے ہے۔