اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے الشفا اسپتال میں داخل ہوکر 30 افراد کو گرفتار کرلیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسپتال سے گرفتار افراد کو آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر نکالا گیا اور اس دوران گرفتار کیے گئے افراد کے گرد 3 ٹینک کھڑے کیے گئے جبکہ ایک ٹینک الشفا اسپتال کی ایمرجنسی کے دروازے پر کھڑا کیا گیا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج الشفا اسپتال کی سرجری بلڈنگز میں داخل ہوئی اور انہوں نے سرجریز ڈپارٹمنٹ کے تمام پارٹیشنز اکھاڑ دیے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی ریڈیو کہہ چکا ہے کہ الشفا میں یرغمالیوں کا کوئی نشان نہیں ملا۔
دوسری جانب فلسطینیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسرائیلی فوج اسپتال پر قبضہ کر کے حماس سے منسوب کوئی غلط کام کرے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور 7 اکتوبر سے اس جنگی جرائم پر مبنی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 500 ہو گئی ہے۔