صوبۂ خیبر پختون خوا کی 12 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی تقرری کے لیے قائم اکیڈمک سرچ کیمٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عطاء الرحمٰن مستعفی ہو گئے۔
چیئرمین سرچ کمیٹی ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے استعفیٰ سیکریٹری اعلیٰ تعلیم کے پی کو بھجوا دیا۔
استعفے کے متن میں لکھا ہے کہ 6 سے 12 ماہ تک 12 یونیورسٹیز مستقل وی سی کے بغیر ایڈہاک بنیاد پر چل رہی ہیں، مزید 12 وائس چانسلرز کی مدتِ ملازمت ختم ہونے کو ہے، نئے وائس چانسلرز کی تقرری 6 ماہ پہلے ہونی چاہیے تھی۔
متن میں لکھا ہے کہ وی سی کی تقرری کے لیے کمیٹی کے اجلاس گورنر نے بغیر کسی وجہ 3 دفعہ مؤخر کیے، اجلاس کے لیے ٹکٹس اور ہوٹل بکنگ کی گئی لیکن وائس چانسلرز کے انٹرویوز نہیں ہوئے، نگراں حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث یونیورسٹیوں کی صورتِ حال بگڑ گئی ہے، اس لیے میں موجودہ صورتِ حال میں سرچ کمیٹی کے چیئرمین کےعہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں۔
اس حوالے سے سیکریٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختون خوا ارشد خان نے ’ سب تک نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین اکیڈمک سرچ کمیٹی ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کا استعفیٰ موصول ہو چکا ہے اور منظوری کے لیے متعلقہ حکّام کو بھیج دیا گیا ہے۔