بگ باس 14 کی فاتح روبینہ دلیک نے ہندو مخالف ٹوئٹ کرنے کا الزام لگانے اور دھمکی دینے والوں پر طنز کے تیر چلادیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 34 سالہ بھارتی اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دھمکی دینے اور دیوالی پر ہندو مخالف پوسٹ کا طعنہ دینے والوں کے اسکرین شاٹس شیئر کردیے۔
انٹرنیٹ صارفین کی ایک بڑی تعداد نے روبینہ دلیک کو تنقید کا نشانہ بنایا اور دیوالی کے موقع پر کی گئی اُن کی پوسٹ کو ہندو مخالف قرار دیا۔
اداکارہ نے نام کے ساتھ دھمکی آمیز پیغامات سوشل میڈیا پر شیئر کرکے الزام لگانے والوں کی طبیعت ٹھیک کردی۔ انہوں نےدیوالی پر ہندو مخالف پیغام کا الزام لگانے والوں سے استفسار کیا کہ ’کیا آپ واقعی بے دماغ ہیں؟‘
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں لکھا کہ کسی کو اس کی فکر ہے! دیوالی ختم ہوگئی، اب تو پٹاخے پھوڑنا بند کردو۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 10 نومبر سے پٹاخے پھوڑے جارہے ہیں، اس وقت رات کے 3 بجے ہیں،اب تو بس کردو، ایک طرف ماحول آلودہ ہورہا ہے اور دوسری طرف یہ شور نیند کا دشمن بنا ہوا ہے۔
اداکارہ نے اس کے بعد اسکرین شاٹ شیئر کیے، جس میں لوگ اُن سے پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں اور اسے دیوالی پر ہندو مخالف قرار دے رہے ہیں۔
ایک شخص نے روبینہ دلیک سے کہا کہ وہ اپنی پوسٹ جتنی جلد ہو ڈیلیٹ کرے ورنہ اُس کے بائیکاٹ کی مہم شروع کردی جائے گی۔
اس پر اداکارہ ایک اور اسکرین شاٹ شیئر کیا اور لکھا کہ میرے انسٹاگرا م پر مت آئیں اور تبصرہ نہ کریں، یہ تعلیم نہیں، آپ سے زیادہ تہوار ہم لوگ مناتے ہیں لیکن دوسروں کو تکلیف نہیں دیتے۔
روبینہ دلیک نے ایک اور پیغام میں کہا کہ ’دیوالی، روشنی کا تہوار ہے، کہیں بھی 10 دن تک آتش بازی کا نہیں لکھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس لیے پروپیگنڈا کرنے والوں سے کہوں گی کہ وہ اپنے اصل یا جعلی اکاؤنٹس سے کسی اور متاثر کریں، مجھے نہیں۔