نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے جلسے کے موقع پر اسکول بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے سرکاری گرلز اسکول بند کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جلسے کے باعث گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری اسکول مانکی شریف آج بند رہے گا۔
سیاسی جلسے کیلئے اسکول بند کرنا غیر مناسب ہے: قاسم جان
اس حوالے سے نگراں وزیرِ محکمۂ تعلیم ڈاکٹر قاسم جان نے ’ سب تک نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جلسے کے لیے اسکول بند کرنا غیر مناسب ہے۔
ڈاکٹر قاسم جان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاسی جلسہ کسی کا بھی ہو اسکول بند نہیں کرنا چاہیے تھا، متعلقہ حکام سے اس متعلق جواب طلب کروں گا۔
جے یو آئی ف کا جلسے کیلئے پنڈال سج گیا
دوسری جانب مانکی شریف میں جے یو آئی ف کا جلسے کے لیے پنڈال سج گیا ہے، آج مولانا فضل الرحمٰن جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
جلسے کا انعقاد سابق صوبائی وزیر لیاقت خٹک کی جانب سے کیا گیا ہے۔