ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہا کہ میں 100 فیصد فٹ نہیں ہوں لیکن کھیلنے کے قابل ہوں، آج میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔
اس کے بعد آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بتایا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں اور اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلا جارہا ہے۔
ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں نے نو نو میچز کھیلے تھے اور دونوں ٹیموں نے اپنے سات سات میچز جیتے تھے۔
پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا نے دوسری اور آسٹریلیا نے تیسری پوزیشن لے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
آج کے میچ کی فاتح ٹیم کا ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بھارت سے مقابلہ اتوار کو ہوگا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔