نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ سائبر سیکیورٹی اتھارٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا۔
نگراں وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کی زیرصدارت سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں سائبر سیکیورٹی اور پاکستان کی نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر نگراں وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کو آپریشنل بنانے کے حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے سائبر حملوں کے خطرات کے پیش نظر نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم پاکستان کی سائبر اسپیس کی نگرانی اور تحفظ کی ذمہ دار ہوگی۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری وزارت آئی ٹی عائشہ حمیرا موریانی، ممبر آئی ٹی سید جنید امام اور سی ای او نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ بابر مجید بھٹی نے شرکت کی۔