لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے مرکزی سیکرٹریٹ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک آئندہ عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان پر بھرپور حصہ لے گی۔ پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، امیدواروں سے درخواستیں مانگ لی ہیں۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر امیدوار کھڑے کریں گے۔ ہمارے امیدواروں کا انتخابی نعرہ نظام میں جامع اصلاحات ہے۔ آج سے رابطہ عوام اور رابطہ کارکن مہم کا آغاز کررہے ہیں۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سینئر نائب صدر راجہ زاہد محمود، میاں زاہد اسلام، میاں ریحان مقبول، عارف چودھری، ملک کرامت علی، سردار عمر دراز خان موجود تھے۔ اس موقع پر سنٹرل پنجاب کے 5 سو سے زائد عہدیداروں نے حلف بھی اٹھایا۔ مرکزی صدر نے کہا کہ شفاف الیکشن کروانا الیکشن کمیشن پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے۔آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے مطابق امیدواروں کی سکروٹنی یقینی بنائی جائے۔اسمبلیوں میں جا کر اس گلے سڑے نظام کو بدلنے کیلئے جدوجہد کریں گے۔9 سال کے بعد بھی شہدائے ماڈل ٹاو¿ن کے ورثاء کو انصاف نہیں ملا۔ 9 سال کے بعد بھی شہدائے ماڈل ٹاو¿ن کے ورثاء کو غیر جانبدار تفتیش کا حق نہیں ملا۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل ہے مظلوموں کو انصاف دلوائیں۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے فورسز کے جوانوں افسروں کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا دفاع جذبہ جہاد سے سرشار جوانوں کے ہاتھ میں ہے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوم اپنی سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہیں۔