پاکستان مسلم لیگ ن کا خیبرپختونخوا میں سیاسی جوڑ توڑ جاری ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے پشاور میں سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر سے ملاقات کی اور انہیں قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
کیپٹن (ر) صفدر نے ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ عاصمہ عالمگیر کو خاندان سمیت ن لیگ میں شامل ہونے کی دعوت بھی دی۔
ذرائع کے مطابق ارباب عالمگیر نے ن لیگ کی دعوت کا جواب دینے کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔
اس کے علاوہ کیپٹن (ر) صفدر نے اقبال ظفر جھگڑا اور امیر مقام کے مابین اختلافات بھی ختم کرائے۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر نے سب تک نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے ہمیں نواز شریف کا پیغام پہنچایا ہے، نواز شریف چاہتے ہیں کہ کے پی میں لوگ ان کا ساتھ دیں، ہم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت کریں۔
واضح رہے کہ ارباب عالمگیر اور عاصمہ عالمگیر کے گزشتہ روز پیپلز پارٹی سے اختلافات سامنے آئے تھے۔