نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اس وقت غزہ کے بچے میرے ذہن میں ہیں، اسرائیلی فوج غزہ میں نہتے بچوں کا قتل عام کر رہی ہے۔
بچوں کے عالمی دن کے موقع کے حوالے سے جاری بیان میں نگراں وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ فوج کبھی نہتے شہریوں اور بچوں کو نشانہ نہیں بناتی، نہتے بچوں کا قتل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم غزہ میں فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں، فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ فوری طور پر روکا جائے، غزہ میں ہونے والے واقعات کو مذہب سے ہٹ کر انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھا جائے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ہم غزہ کے بچوں کے سامنے شرمندہ ہیں، فلسطین میں پیدا ہونے والی صورتِ حال مستقبل کے تنازعات کی اہم وجہ بنے گی، اس صورتِ حال کا آنے والی صدیوں میں کبھی دفاع نہیں کیا جا سکے گا، غزہ میں ہونے والی نسل کشی کے خلاف پاکستان آواز اٹھاتا رہے گا۔
نگراں وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ حکومت بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، معاشرے کے تمام طبقات کی ذمے داری ہے کہ وہ بچوں کی بہتری کے لیے کام کریں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ زارا الرٹ ایپ کا اجراء بچوں کے حقوق کے تحفظ میں معاون ہو گا، حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔