خیبر پختون خوا انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ چلڈرن اسپتال کا منصوبہ سرد خانے کی نذر ہو گیا۔
بچوں کے علاج معالجے کا اسپتال کئی سال سے التواء کا شکار ہے جبکہ والدین بچوں کو علاج کے لیے دوسرے شہر لے جانے پر مجبور ہیں۔
خیبر پختون خوا انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عنایت الرحمٰن نے سب تک نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چلڈرن اسپتال منصوبہ مکمل کرنے کے لیے پورے فنڈز بروقت نہیں ملے۔
ڈاکٹر عنایت کا کہنا ہے کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 7 ارب 90 کروڑ روپے ہے، اب تک 3 ارب 10 کروڑ روپے کے فنڈز ملے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال 1 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، اگر یہ فنڈز مل جائیں تو منصوبہ کی تکمیل ممکن ہو گی۔