نگراں وزیرِ تعلیم مدد علی سندھی کا کہنا ہے کہ مجھے اجازت دی جائے تو پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو بند کر دوں۔
چئیرمین صادق سنجرانی کی زیرِ صدارت سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر کرشنا کماری نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نجی یونیورسٹی میں ایک مضمون میں فیل ہونے پر طالب علم کا پورا تعلیمی سال ضائع ہو جاتا ہے جس پر نگراں وزیرِ تعلیم نے کہا کہ مجھے اجازت دی جائے تو پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو بند کر دوں۔
جلیل عباس جیلانی کا تحریری جواب
سینیٹ کے اجلاس کے دوران نگراں وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی کا تحریری جواب ایوان میں پیش کر دیا گیا۔
جلیل عباس جیلانی کے تحریری جواب کے مطابق گزشتہ 3 سال کے دوران آڈٹ رپورٹس میں 96 آڈٹ اعتراضات سامنے آئے، 13 ارب 96 کروڑ روپے کے اعتراضات میں سے 72 کروڑ روپے قابلِ واپسی ہیں۔
جلیل عباس جیلانی نے تحریری جواب میں کہا ہے کہ اب تک 16 کروڑ 31 لاکھ روپے واپس لیے جا چکے ہیں، وزارتِ خارجہ نے جواب دینے میں غلطی کی جس پر معزرت کرتا ہوں، وزارتِ خارجہ نے آٹھ دس وزارتوں کے اعداد و شمار جواب میں دیے، وزارتِ خارجہ سے متعلق 285 ملین کے آڈٹ تھے، 93 ملین ریکور ہو چکے ہیں، آڈٹ میں اکثر غبن نہیں ہوتا۔
سینیٹر مشتاق کا ایوان میں اظہارِ خیال
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر مشتاق نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ محمد خالد کھوکھر نے کیا جرم کیا کہ انہیں معطل کیا گیا، محمد خالد کھوکر کو ستارۂ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا ان کا ہاکی سے کیا تعلق ہے؟
ہاکی فیڈریشن کا صدر 2 مرتبہ بن سکتے ہیں: مرتضیٰ سولنگی
دوسری جانب نگراں وزیرِ اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے سینیٹ کے اجلاس کے دوران ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کا صدر صرف 2 مرتبہ بنا جا سکتا ہے، محمد خالد کھوکھر تیسری بار بھی صدر ہاکی فیڈریشن بنے تھے جس پر انہیں معطل کیا گیا، اب حکومت نے ہاکی فیڈریشن کے صدر کا الیکشن کرانے کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔