میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کی ترقی کے لیے تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے اور جو زمینیں کے ایم سی کے قبضے میں ہیں انہیں چھڑوا کر جائز الاٹیز کو دیں گے۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کاٹج انڈسٹریل زون کے الاٹیز کو پلاٹس کا قبضہ دینے کی تقریب منعقد کی گئی۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آج اورنگی ٹاؤن کاٹج انڈسٹریل زون اسکیم میں الاٹیز کو ان کا حق دیا جا رہا ہے۔ یہ شہید بے نظیر بھٹو کا خواب تھا کہ کراچی میں صنعتوں اور تجارت کو فروغ دیا جائے۔ ہمارے پارلیمانی لیڈر نے اورنگی ٹاؤن کاٹج انڈسٹری کے مسئلے کی نشاندہی کی تھی، جس پر لینڈ ڈپارٹمنٹ نے متحرک انداز سے کام کیا۔ آج شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل کا دن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن کاٹج انڈسٹریل زون 348 ایکڑ رقبے پر بنایا گیا تھا۔ 1996 تا 2007 یہاں پر بھاری تجاوزات قائم ہوگئیں۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ اس شہر میں زمین کا قبضہ بنیادی مسئلہ ہے، اس دور میں جو زمینیں کے ایم سی کے قبضے میں ہیں انہیں چھڑوا کر جائز الاٹیز کو دینگے۔
انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی خالی زمین پر شفاف طریقے سے ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے۔ کاٹج انڈسٹریز ایک سماجی انقلاب برپا کر سکتی ہیں، اورنگی ٹاؤن کے تمام ہنرمندوں کو مواقع دینے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی کی بہتری کے تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے۔ شہریوں کے مفاد میں تمام کام شفاف اور بہترین انداز میں کیے جا رہے ہیں۔