اسلام کی خاطر بالی ووڈ انڈسٹری کو خیر باد کہنے والی سابقہ اداکارہ ثناء خان کا کہنا ہے کہ ہر روز فلسطینی بہن بھائیوں پر ہونے والا ظلم دیکھ کر میرا دل روتا ہے۔
ثناء خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر فلسطینی پرچم کے ساتھ اسرائیلی جارحیت کا شکار فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ جب اللّٰہ تمہارے ساتھ ہو تو کسی سے نہ ڈرو‘ یہ جملہ صحیح معنوں میں فلسطینیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
ثناء خان نے لکھا ہے کہ ظالم ہر دور میں تھے اور آگے بھی ہوں گے بس دعا کرتے رہیں کہ اللّٰہ ہم سب کی حفاظت فرمائے اور ہمیں طاقت و صبر عطا فرمائے۔
اُنہوں نے لکھا کہ میرا دل روتا ہے، غزہ میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ جو ہو رہا ہے اسے دیکھنا مشکل ہے۔
ثناء خان نے لکھا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اہل فلسطین کو جنت الفردوس کے لیے منتخب کر لیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں یہ دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں بھی جنت کے لیے منتخب کر لیں، آمین۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 13 ہزار 300 ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شہداء میں 5 ہزار 600 بچے اور 3 ہزار 550 خواتین بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں زخمیوں کی تعداد 31 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ غزہ پٹی کے 15 لاکھ شہری بے گھر اور نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔