بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ انہوں نے صرف ایک فلم پیسوں کے لیے کی، اپنا ضمیر بیچ کے پیسے لیے۔ کنگ خان نے 2016 کے ایک ٹاک شو یاروں کی بارات میں شرکت کے دوران یہ انکشاف کیا تھا۔
اس پرانے انٹرویو کے دوران فلم کا نام لیے بغیر شاہ رخ خان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنے پورے کیریئر کے دوران صرف ایک فلم مالی وجوہات کی بنا پر کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں نام نہیں لوں گا، صرف ایک فم میں نے پیسوں کیلئے کی تھی، میں نے پروڈیوسر کو بھی بول دیا تھا، اس فلم کی فیس سے میں نے گھر لیا تھا، مجھے بہت ضرورت تھی لیکن جب حالات ٹھیک ہوئے تو اپنی پرانی فلموں کو واپس خریدنا شروع کیا وہ پہلی فلم تھی جسے میں نے واپس خریدا جس کے بعد مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں نے اس فلم کی پیمنٹ واپس کردی ہے۔
حالانکہ انہوں نے بالی ووڈ میں اپنے تین عشروں سے زیادہ طویل کیریئر میں ہر پروجیکٹ پر جس غیر متزلزل عزم اور یقین کے ساتھ کام کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔
تاہم 2023 میں شاہ رخ خان صحیح معنوں میں اسٹار آف بالی ووڈ رہے اس کی وجہ ان کی دو بلاک بسٹر فلمیں پٹھان اور جوان ہیں جو بہت کامیاب رہیں۔
ان دونوں فلموں کی کامیابی نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد بالی ووڈ کی فلم انڈسٹری کی نشاۃِ ثانیہ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
جس کے بعد اب فلمساز و ہدایتکار راجکمار ہیرانی شاہ رخ خان اسٹارر اپنی آئندہ آنے والی فلم ڈنکی کی ریلیز کے حوالے سے بہت پرعزم ہیں، اس طرح کنگ خان کی غیر معمولی کامیابیوں کا سلسلہ 2023 کے دوران جاری ہے۔