مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ہم ہر قیمت پر اکثریتی حکومت حاصل کریں گے، شہباز شرف پنجاب سنبھالیں گے، نواز شریف وفاق۔
سب تک نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف کو اپیلوں میں ریلیف ملے گا اور الیکشن میں کامیاب بھی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عثمان بزدار دور میں تباہی ہوئی، پنجاب کو شہباز شریف کی ضرورت ہے، صوبے میں ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں رکا تھا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ کسی کو عبوری وزیراعظم بنانا پڑا تو پارلیمانی پارٹی فیصلہ کرے گی، شہباز شریف کسی بھی حیثیت میں نواز شریف کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم اکثریت چاہتے ہیں اکثریت کے بغیر ملک کو کوئی جماعت دلدل سے نہیں نکال سکتی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ ہمیں چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے باہر آنے سے کوئی خوف نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی اپنے تکبر اور گمراہ کن مائنڈ سیٹ کی نذر ہوئے، وہ 9 مئی کو اسٹیبلشمنٹ سے محاذ آرائی کے نتیجے میں حادثے کا شکار ہوئے، آج اُن کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے، سب اُن ہی کا کیا دھرا ہے۔