اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے عارضی جنگ بندی کے معاہدے کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدہ انسانی بنیادوں پر ہوا جس کے تحت امدادی سامان غزہ لے جانے کی اجازت ہو گی۔
قطری وزارتِ خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ امدادی سامان میں ایندھن کی ترسیل بھی شامل ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق پہلے مرحلے میں قید خواتین اور بچوں کی رہائی کا تبادلہ ہو گا۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 روزہ جنگ بندی میں 50 اسرائیلی خواتین اور بچوں کی مرحلہ وار رہائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حماس مزید اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا عہد کرے تو جنگ بندی میں توسیع ہوسکتی ہے۔ قیدیوں کا تبادلہ ہلال احمر، اسرائیل، قطر، اور حماس کی معاونت سے عمل میں آئے گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی قید سے 150 فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی کے بدلے حماس 50 یرغمالی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 14 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 5500 بچے اور متعدد خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 33 ہزار سے زائد فلسطینی شہری زخمی ہیں۔