سپریم کورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر نوٹسز جاری کردیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سمریم کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کر رہا ہے، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک بھی بنیچ کا حصہ ہیں۔ سماعت کے آغاز پر عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر روسٹرم پر آئے تو جسٹس سردار طارق نے ہدایت کی کہ ’پہلے سائفر کی ایف آئی آر پڑھیں‘، جس پر وکیل نے بتایا کہ ’ایف آئی آر صفحہ 120 پر ہے‘، جسٹس سردار طارق نے استفسار کیا کہ ’واقعہ کب ہے‘؟ سلمان صفدر نے جواب دیا کہ ’واقعہ مارچ 2022 کا ہے‘، اس پر جسٹس طارق نے کہا کہ ’پورا ایک سال کیس پر لگ گیا‘، عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ’لاہور ہائیکورٹ نے 7 ماہ تک حکم امتناع دے کر رکھا‘۔ سماعت کو آگے بڑھاتے ہوئے جسٹس سردار طارق مسعود نے پوچھا کہ ’ایف آئی آر میں سیکشن 5 کا کیا مطلب ہے، اس سیکشن5 کی سزا کیا ہے‘؟ وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ ’سیکشن 5 اے کی سزا عمر قید یا سزائے موت ہے، باقی سیکشنز میں دو دو سال کی سزا ہے‘، جج سپریم کورٹ نے استفسار کیا کہ ’کیس انکوائری کب شروع ہوئی؟۔ بتایا گیا ہے کہ سماعت کے دوران جسٹس سردار طارق نے ایف آئی اے کے تفتیشی پر اظہار برہمی کیا جو بغیر اجازت روسٹرم پر آئے تو ۔ جسٹس سردار طارق نے ریمارکس دیئے کہ ’آپ کو کس نے بلایا؟کیا آپ کوعدالتی نوٹس نہیں ملا؟نوٹس نہیں ملا تو اپنی سیٹ پر بیٹھ جائیں۔ وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے دلائل میں کہا کہ ’مقدمہ کا بہت سارا ریکارڈ تو فراہم ہی نہیں کیا گیا، اعظم خان اور اسد عمر بھی ملزم تھے لیکن انکے خلاف کارروائی نہیں ہوئی، اسد عمر کو ضمانت قبل از گرفتاری مل چکی ہے، ایف آئی آر کے مطابق اعظم خان نے بنی گالہ میٹنگ کے منٹس تیار کئے تھے‘۔ اس موقع پر جسٹس یحیحی آفریدی نے استفسار کیا کہ ’اعظم خان کے حوالے سے تفتیشی افسر نے کیا حتمی رائے دی؟ سلمان صفدر نے بتایا کہ ’اعظم خان کے حوالے سے کوئی حتمی رائے نہیں دی گئی، اعظم خان ملزم سے استغاثہ کا گواہ بن چکا ہے، اعظم خان لاپتہ ہوگئے تھے اہلخانہ نے مقدمہ بھی درج کرایا، اعظم خان اچانک بازیاب ہوئے اور ملزم سے گواہ بن گئے‘، جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیئے کہ ’سچ ایسے ہی سامنے آتا ہے‘۔ سلمان صفدر نے دلائل کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کے بیان کے مطابق انہیں بار بار مانگنے پر سائفر کی کاپی نہیں دی گئی،چیئرمین پی ٹی آئی کی عمر 71 سال اور سابق وزیراعظم ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔