اسلام کی خاطر بالی ووڈ انڈسٹری کو خیر باد کہنے والی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اسرائیلی اداکارہ گال گیڈوٹ کو غزہ میں جنگ بندی کی مخالفت کرنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ثناء خان نے اپنی انسٹا اسٹوری پر گال گیڈوٹ کے ایک حالیہ انٹرویو کا ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے جس میں اسرائیلی اداکارہ کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ میں اپنے آپ سے پوچھتی ہوں کہ انسانیت کو کیا ہو گیا ہے؟ ہمیں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والوں کو یہ سمجھانے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے کہ جنگ بندی کرنا ٹھیک نہیں ہے؟
گال گیڈوٹ نے مزید کہا کہ میں صرف امن چاہتی ہوں، مجھے غلط مت سمجھیں لیکن اسرائیلی اب بھی یرغمال ہیں، اغواء کاروں کے بارے میں کوئی ایک لفظ نہیں بول رہا لیکن سب جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں، سب کو ہو کیا گیا ہے؟
ثناء خان نے گال گیڈوٹ کے جنگ بند کی مخالفت کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی اسٹوری کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’اسے ونڈر ویمن کس نے بنایا ہے؟‘
اُنہوں نے لکھا ہے کہ یہ جنگ یرغمالیوں کے لیے نہیں ہے کیونکہ اگر اُنہیں (اسرائیل کو) یرغمالیوں کی حقیقت میں کوئی پرواہ ہوتی تو وہ کبھی یوں بم باری نہیں کرتے۔
ثناء خان نے آخر میں لکھا ہے کہ وہ صرف غزہ کے لوگوں کی نسل کشی کرنا چاہتے ہیں جو کبھی نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار 128 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 33 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
حماس کا کہنا ہے کہ ناکامیاں چھپانے کے لیے اسرائیل طبی مراکز کو نشانہ بنا رہا ہے، غزہ کے کسی بھی اسپتال کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا۔