بھارت کے لیجنڈری کرکٹر اور سابق کپتان سچن ٹنڈولکر کی بیٹی سارہ ٹنڈولکر بھی ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا شکار ہوگئیں۔ انہوں نے اپنی جعلی تصاویر سے متعلق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا۔
مصنوعی ذہانت تک آسانی کے ساتھ رسائی اور اسکی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے اب ڈیپ فیک (جعلی) تصاویر و ویڈیوز کا ایک سلسلہ بنادیا ہے۔
حال ہی میں بھارتی اداکارہ کاجول اور جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے رشمیکا مندانا اس کا شکار ہونے والے سیلیبریٹیز میں شامل ہیں۔
تاہم اب اس کی تازہ شکار بھارت کے لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈلکر کی صاحبزادی سارہ ٹنڈولکر بنیں۔
اس حوالے سے سارہ ٹنڈولکر نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اس ٹیکنالوجی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے چاہنے والوں کو واضح پیغام دیا کہ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر ہونے والی تصاویر ان کی نہیں بلکہ ڈیپ فیک ہیں۔
اپنے پیغام میں سارہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا اپنی خوشیوں، غموں اور روز مرہ کی مصروفیات کا تبادلہ کرنے کےلیے ایک خوبصورت جگہ ہے۔ تاہم ٹیکنالوجی کا غلط استعمال دیکھ کر انتہائی دکھ ہوا کیونکہ اس طرح کی ٹیکنالوجی سے سچی اور مستند چیزیں دور ہورہی ہیں۔
سارہ نے یہ بھی لکھا کہ ایکس پر کچھ اکاؤنٹس کی جانب سے ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو گمراہ کرنے کے ارادے سے میری کچھ جعلی تصاویر بناکر شیئر کی جارہی ہیں۔
سچن ٹنڈولکر کی صاحبزادی نے کہا کہ میرا ایکس پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، لیکن یہ تصاویر کا معاملہ میرے علم میں آیا ہے، لہٰذا میں امید کرتی ہوں کہ ایکس انتظامیہ اس معاملے کو دیکھتے ہوئے ایسے اکاؤنٹس کو معطل کرے گی۔