بالی ووڈ کے شہزادے کارتک آریان نے اپنے 33ویں جنم دن پر اپنی زندگی سے متعلق کئی بڑے انکشافات کرکے مداحوں کو سرپرائز دے دیا۔
پیار کا پنچ نامہ، لو آج کل 2، بھول بھلیاں 2، گیسٹ ان لندن اور شہزادے جیسی فلموں سے مداحوں کا دل جیتنے والے کارتک آریان نے مداحوں کو بتایا کہ میری دولت والدہ کنٹرول کرتی ہیں۔
انہوں نے اپنے جنم دن پر دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ مجھے معلوم نہیں میرے بینک اکاؤنٹ یں کتنی رقم ہے؟ پیسے تو والدہ کنٹرول کرتی ہیں، مجھے تو صرف جیب خرچ ملتا ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ میں اپنے 33ویں جنم دن پر کار خریدنا چاہتا تھا لیکن والدہ (مالا تیواری) جو میرے مالی معاملات کو کنٹرول کرتی ہیں، نے پیسے دینے سے انکار کردیا ۔
اُن کا کہنا تھا کہ مجھے تو بینک بیلنس چیک کرنا تک نہیں آتا، مجھے اگر کچھ بھی خریدنا ہو تو پہلے والدہ سے اجازت لینی پڑتی ہے اگر وہ منع کردیں کہ کوئی پیسے نہیں ہیں تو میں مان جاتا ہوں۔
کار خریداری سے متعلق بالی ووڈ کے شہزادے نے کہا کہ والدہ کو اس حوالے سے کہا تو انہوں نے جواب دیا کہ اگلے برس یا پھر کبھی خرید لینا، ابھی نہیں لے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی والدہ کی بات پر یقین کے سوا میرے پاس کوئی آپشن نہیں، دراصل مجھے پتا بھی نہیں ہے کہ میرے پیسے کس اکاؤنٹ میں ہیں۔
کارتک آریان نے انکشاف کیا کہ میری والدہ سمجھتی ہیں کہ اگر میں نے اپنی کمائی سے زیادہ خرچ کیا تو میں بگڑ سکتا ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ سوچتی ہیں کہ اس عمر میں بھی میرے بگڑنے کا امکان ہے، اُن کی ہدایت ہے کہ اسے جیب خرچ پر ہی رکھو گے تو سدھرا رہے گا۔
کارتک آریان کے انکشافات کے بعد انٹرنیٹ پر موجود اُن کے مداح ہل کر رہ گئے، کئی ایک نے تو اُن کی ہونے والی بیوی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ایک انٹرنیٹ صارف نے تبصرہ کیا کہ ’ایک اور بھارتی مرد کا بڑا ہونے سے انکار سامنے آگیا‘، تو دوسرے نے کہا کہ ’اس کی بیوی اور والدہ کے درمیان مسئلے رہیں گے‘۔
ایک صارف نے تبصرے میں استفسار کیا کہ ’ہم ایسے بڑھتے بچوں کو کیوں آگے لے آتے ہیں؟‘دوسرے نے کہا کہ 33 سال کا ہوگیا لیکن اپنے پیسے تک مینج نہیں کرسکتا؟ یہ تو صحت مندانہ بات نہیں۔
کارتک آریان کی اگلی فلم چندو چیمپئن ہے، اُن کے گزشتہ فلم شہزادے نے اچھا بزنس نہیں کیا تھا لیکن اس سے قبل آنے والی ستیا پریم کی کتھا نے باکس آفس پر اچھا کاروبار کیا۔