ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں ڈالر کی نئی قیمت 285روپے کی سطح پر آگئی جبکہ اسٹاک مارکیٹ ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق روپے کی قدر میں بہتری آرہی ہے، ڈالر کی قیمت مسلسل تیسرے روز کم ہوئی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار نظر آتا ہے۔ آج کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 54پیسے کم ہوگئی۔انٹر بینک میں آج ڈالر کی نئی قیمت 285روپے 25 پیسے ہوگئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت کم ہوئی ہے۔ ڈالر کی قیمت میں کمی کے نتیجے میں ملک میں درآمدات و برآمدات کے توازن اور تجارتی خسارے کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب آج کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ آغاز کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس 205 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 57 ہزار 577 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جسے خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران سالانہ 7فیصد اضافہ ہوا۔نگران حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث براہِ راست سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔