بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنی دیول گوا میں جاری 54ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹول آف انڈیا کے موقع پر اس وقت اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے، جب ہدایتکار راجکمار سنتوشی نے کہا کہ بالی ووڈ نے انصاف نہیں کیا۔
سنی دیول نے بالی ووڈ میں اپنے طویل کیریئر کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے اس وقت کو یاد کیا جب فلم غدر کی ریلیز کے بعد انہیں کافی سالوں تک کوئی کام نہیں ملا۔
یاد رہے کہ سنی دیول اپنی آئندہ آنے والی فلم کی تیاری کے حوالے سے ہدایتکاروں انیل شرما، راجکمار سنتوشی اور راہول راویل کے ساتھ شریک ہیں۔
سنی دیول اور راجکمار سنتوشی ایک بار پھر 27 برس بعد لاہور 1947 کے حوالے سے اکٹھے ہوئے ہیں، جس کی پروڈکشن عامر خان کررہے ہیں۔
اس موقع پر راہول راویل نے سنی دیول سے ان کے بالی ووڈ میں کیریئر کے حوالے سے پوچھا جو کہ 1983 کی فلم بیتاب سے شروع ہوا، اس پر سنی دیول نے کہا کہ وہ بہت خوش نصیب ہیں، لیکن میں جذباتی ہوگیا یہ میرے ساتھ ایک پرابلم ہے۔
سنی دیول نے راہول راویل کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اپنی تین فلموں میں انہیں شامل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ باکس آفس پر ہٹ فلم غدر کے بعد میری اصل جدوجہد شروع ہوئی اور کافی عرصے کام نہیں ملا۔
اس دوران کچھ فلمیں کیں لیکن کچھ اسکرپٹس وغیرہ کے مسائل ہوتے تھے۔ لیکن میں مایوس نہیں ہوا اور آگے بڑھتا رہا۔ میں نے اپنے والد (لیجنڈری اداکار دھرمیندر) کی فلمیں بھی دیکھی تھیں اور چاہتا تھا کہ اسی قسم کی فلمیں کروں۔
یاد رہے کہ سنی دیول نے سنتوشی کے ساتھ گھایل (1990)، دامینی (1993) اور گھٹک (1996) میں کام کیا اور حال ہی میں غدر ٹو میں کام کے بعد ایک بار پھر سنتوشی کی آئندہ آنے والی فلم لاہور 1947 میں کام کر رہے ہیں۔